جھانسی،23دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر آبی وسائل اور جھانسی سے ممبر پارلیمنٹ اوما بھارتی نے اپنی پارٹی کے ہی ممبر اسمبلی کو سخت پھٹکارلگاتے ہوئے کہا کہ چلو بھر پانی میں ڈوب مرو۔جھانسی کے صدر سے رکن اسمبلی روی شرما کو اوما بھارتی نے تمام حکام کے سامنے لتاڑ لگائی۔دراصل معاملہ جھانسی کے میئر مسز کرن ورما سے منسلک ہے۔کرن کچھ دن پہلے شہر کوتوالی علاقے میں معائنہ کرنے کے لئے گئی تھیں۔الزام ہے کہ وہاں کچھ ٹھیکیداروں نے میئر کے ساتھ بدزبانی اور غیرمہذب الفاظ کا استعمال کیا،ساتھ ہی میئر کے میڈیا انچارج کا موبائل بھی چھین لیا،اس پر میئر نے ملزم ٹھیکیداروں کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی،اس کے بعد ٹھیکیداروں کی جانب سے بھی میئر کرن ورما اور ان کے شوہر راجو بکسیلر کے خلاف رشوت مانگنے کا مقدمہ درج کرا دیا گیا۔میئر کی شکایت ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ درج ہونے سے روکنے کے لئے جھانسی صدر ممبر اسمبلی روی شرما نے کوئی پہل نہیں کی۔اس پورے معاملے کو معلومات اوما بھارتی کو ہوئی تو انہوں نے جھانسی ایس ایس پی اکھلیش چورسیا اور ایس پی سٹی دنیش سنگھ کو سرکٹ ہاؤس بلا لیا۔ممبر اسمبلی روی شرما بھی پہنچ گئے۔حکام کے سامنے ہی اوما بھارتی نے رکن اسمبلی کو کھری کھوٹی سنائی۔اوما بھارتی نے رکن اسمبلی سے کہا کہ تمہیں شرم آنی چاہیے اور چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہئے،تمہاری پارٹی کے میئر پر مقدمہ درج ہو گیا اورتم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے۔